اسلام آباد: پاکستان کے سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے منعقد ہونے والی عالمی کانفرنس کی میزبانی کے لیے وزیراعظم جنیوا روانہ ہوگئے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف اعلی سطح وفد کے ہمراہ اسلام آباد سے جنیوا چلے گئے۔ وفد میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری، وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار، وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی شیری رحمان اور وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب شامل ہیں۔ وزیراعظم کل پیر کو اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوٹیرس کے ساتھ مل کر پاکستان کی تعمیر نو اور بحالی میں شراکت کے موضوع پر بین الاقوامی کانفرنس کی میزبانی کریں گے۔ پاکستان کانفرنس میں تعمیر نو اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی بحالی کا فریم ورک پیش کرے گا اور اسے عملی جامہ پہنانے کے لیے بین الاقوامی تعاون اور طویل المدتی شراکت داری کی اہمیت پر زور دے گا۔