لاہور: امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے حکمران اتحاد کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ پی ڈی ایم، پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی کے ہوتے ہوئے ملک کو کسی دشمن کی ضرورت نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے ایوان اقبال میں دو روزہ سید مودودی انٹرنیشنل کانفرنس کے آخری سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا، امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ جاپان کا دو ایٹم بموں سے اتنا نقصان نہیں ہوا جتنا تین بڑی جماعتوں کے سربراہوں نے ملک کو پہنچایا۔ مرکزی امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ آج چترال سے کراچی تک لوگ آٹے کی قطاروں میں کھڑے ہیں تو حکمرانوں کی بدانتظامی اور کرپشن کی وجہ سے ٹرائیکا نے ہماری تہذیب، سماج، سیاست اور معیشت سمیت سب کچھ تباہ کر دیا۔