وزیراعلی خیبرپختونخوا محمود خان نے پنجاب اسمبلی کی تحلیل کے بعد خیبرپختونخوا اسمبلی تحلیل کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ وزیراعلی محمود خان کا کہنا ہے کہ پنجاب اسمبلی کی تحلیل کے بعد 14 جنوری کو خیبرپختونخوا اسمبلی تحلیل کرنے کا ایڈوائس گورنر کو بھجوادوں گا۔ خیال رہے کہ خیبرپختونخوا میں وزیراعلی کے خلاف تحریک عدم اعتماد آئی نہ ہی گورنر نے اعتمادکا ووٹ لینے کی ہدایت کی تاہم گورنرخیبرپختونخوا غلام علی نے وزیراعلی کو اسمبلی تحلیل نہ کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ قبل ازیں آج صحافیوں سے ملاقات میں عمران خان کا کہنا تھا کہ پنجاب اسمبلی کی تحلیل کے فوری بعد خیبرپختونخوا کے اسمبلی تحلیل کر دی جائے گی۔ دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلی پنجاب کی جانب سے بھجوائی گئی اسمبلی تحلیل کی سمری گورنر پنجاب کی جانب سے آج شام تک منظور کرلی جائے گی۔