دبئی: دنیش چندیمل بھی بابر اعظم کی صلاحیتوں کے معترف نکلے، سری لنکن اسٹار کرکٹر کا کہنا ہے کہ کارکردگی میں تسلسل برقرار رکھنا آسان نہیں ہوتا، پاکستان ٹیم کے کپتان ہر طرز کی کرکٹ سے بہت جلد مطابقت پیدا کرلیتے ہیں، میں پی ایس ایل کھیلنا چاہتا ہوں مگر کنٹریکٹ نہیں حاصل کرسکا۔نجی ٹی وی چینل کو دبئی میں خصوصی انٹرویو کے دوران دنیش چندیمل نے کہا کہ بلاشبہ پاکستانی بیٹرز میں بابر اعظم میرے فیورٹ ہیں، کارکردگی میں تسلسل برقرار رکھنا آسان نہیں ہوتا مگر پاکستانی کپتان نے تینوں فارمیٹ میں عمدگی سے پرفارم کیا، وہ ہر طرز کی کرکٹ سے بہت جلد مطابقت پیدا کرلیتے ہیں۔ رواں سال گرین کیپس کے دورہ سری لنکا کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ دونوں ملکوں میں ہمیشہ کانٹے دار مقابلے اور اچھی کرکٹ ہوتی ہے، ہم ایک بار پر پھر پاکستان ٹیم کی میزبانی کے منتظر ہیں۔