اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے معیشت پر چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو لائیو مناظرے کا چیلنج کردیا۔ ویڈیو خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ عمران خان اپنے تمام افلاطون اکٹھے کرکے مذاکرہ کرلیں، عمران خان نے آئی ایم ایف سے معاہدے کیے اور حکومت جاتی دیکھ کر خود ہی توڑ دیے۔ انہوں نے کہا عمران خان کی تمام باتیں جھوٹ پر مبنی ہیں، معیشت کی بدحالی کے ذمہ ہم نہیں عمران خان ہے، عمران خان نے ملک کو تباہی کے دہانے پر کھڑا کیا، نیازی کی تباہ کی ہوئی معیشت کو ہم ٹھیک کررہے ہیں۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ عمران خان نے معیشت کے غلط اعداد و شمار جاری کیے، جی ڈی پی پر جھوٹ بولا، عمران خان کی ترقی کا ہدف یہ ہے کہ اگر میری حکومت نہیں تو ریاست بھی نہ رہے۔