لیسٹر: ایک نئی تحقیق کے مطابق ٹائپ 2 ذیابیطس میں مبتلا افراد کے عام لوگوں کی نسبت مخصوص اقسام کے کینسر سے موت کے خطرات دگنے ہوجاتے ہیں۔ تحقیق میں یہ بات سامنے آئی کہ ذیابیطس میں مبتلا مریضوں کی پتے، آنتوں یا جگر کے سرطان سے موت واقع ہونے کے امکانات میں اضافہ ہوجاتا ہے۔ جرنل ڈائبیٹولوجیا میں شائع ہونے والی اس نئی تحقیق کے مطابق مجموعی طور پر ذیابیطس میں مبتلا افراد کی کینسر سے موت واقع ہونے کے امکانات 18 فی صد تک بڑھ جاتے ہیں۔ جبکہ وہ خواتین جو ذیابیطس میں مبتلا ہوتی ہیں ان کی موت اینڈومیٹریل کینسر سے واقع ہونے کے امکانات بہت زیادہ ہوتے ہیں۔ یونیورسٹی آف لیسٹر کے محققین کا کہنا تھا کہ کینسر کے خطرے کو بھی اتنی ہی توجہ دی جانی چاہیئے جتنی ذیابیطس سے پیش آنے والی دیگر پیچیدگیوں، جیسے کہ قلبی مرض، کو دی جاتی ہے۔