لندن: عالمی ادارہ صحت(ڈبیلو ایچ او) کے مطابق برطانیہ میں ماں سے بچوں میں ہیپاٹائٹس بی کی منتقلی خاتمہ کردیا گیا ہے۔ ڈبلیو ایچ او کے متعین کردہ ہدف ماں سے نومولد کو منتقل ہونے والے ہیپاٹائٹس بی کی شرح کو دو فی صد سے کم کرنا ہے اور برطانیہ کی ہیلتھ سیکیورٹی ایجنسی کے اعداد و شمار کے مطابق برطانیہ میں یہ شرح 0.1 فی صد ہوچکی ہے۔ برطانوی ہیلتھ سیکیورٹی ایجنسی کا کہنا تھا کہ یہ پیشرفت وائرل انفیکشن سے نمٹنے کے لیے کی جانے والی کوششوں کے نتیجے میں ہوئی ہے۔ یہ وائرل انفیکشن جگر کے خراب ہونے، کینسر اور اگر علاج نہ کرایا جائے تو موت کا سبب بھی بن سکتا ہے۔ نیشنل ہیلتھ سروسز (این ایچ ایس) میں آٹھ، 12 اور 16 ہفتے کی عمر کے بچوں کو سِکس ان ون ویکسین لگائی جاتی ہے۔