کراچی: پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ جب تک کشمیری بھارتی مظالم کا شکار ہیں پاکستان کبھی چین سے بیٹھے گا نہ خاموش تماشائی بنے گا۔ بلاول بھٹو زرداری نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت ملنے تک مسئلہ کشمیر پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم ستون رہے گا۔ وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ سات دہائیوں سے بھارتی قابض افواج نے کشمیریوں پر مظالم ڈھائے ہیں اور انہیں ان کے حقوق سے محروم رکھا ہوا ہے۔ آج مقبوضہ جموں و کشمیر دنیا کے سب سے زیادہ فوجی تعیناتی والے علاقوں میں سے ایک ہے جہاں 9 لاکھ سے زیادہ قابض بھارتی فوج تعینات ہیں۔