اسلام آباد: ممنوعہ فنڈنگ کیس میں عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو آج ہی عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے استثنا کی درخواست خارج کردی۔ بینکنگ کورٹ کی جج رخشندہ شاہین نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں فارن ایکسچینج ایکٹ کے تحت درج مقدمے میں عمران خان و دیگر ملزمان کی عبوری درخواست ضمانت پر سماعت کی۔اس موقع پر عمران خان کے وکیل سلمان صفدر، پی ٹی آئی رہنما شبلی فراز ، اعظم سواتی، فیصل جاوید، سینیٹر سیف اللہ نیازی، عامر کیانی و دیگر بھی کمرہ عدالت میں موجود تھے۔ سماعت کے آغاز پر جج رخشندہ شاہین نے ریمارکس دیے کہ صرف ایک وکیل اور پٹیشنر کورٹ میں رہے، باقی باہر چلے جائیں۔ اس رش میں کیس نہیں سن سکتے۔ اس موقع پر عدالت نے کمرے میں میڈیا کوریج پر پابندی عائد کرتے ہوئے صحافیوں کو کمرہ عدالت سے باہر جانے کا حکم دے دیا۔