میسوری، امریکہ: یاسیت یا ڈپریشن ایک خوفناک کیفیت ہے اور اب انکشاف ہوا ہے کہ اس کی شکار ماں سے جب بچے کچھ تقاضہ کرتے ہیں تو ان کا ردِ عمل تاخیری ہوسکتا ہے اور مختلف بھی۔ یونیورسٹی آف میسوری کے سائنسدانوں نے انکشاف کیا ہے کہ ڈپریشن سے نبردآزما خواتین اپنے بچوں کے فطری تقاضوں یا گفتگو کے جواب میں دیر سے جواب دیتی ہیں جو کم ازکم ان کی بات چیت سے سامنے آیا ہے۔ لیکن بات یہاں ختم نہیں ہوتی کیونکہ چھوٹے بچے جب زبان سیکھتے ہیں تو خود وہ سامنے والے کے الفاظ سے ہی اکتساب حاصل کرتے ہیں اور اب اگر آغوشِ مادرمیں ان کا ردِ عمل تاخیری ہوگا تو بچوں کو زبان سیکھنے میں دقت پیش آسکتی ہے اور اس سے دماغی نشوونما بھی متاثرہوسکتی ہے۔