کراچی: سندھ حکومت نے گنے کی آنے والی نئی فصل کی امدادی قیمت450 روپے فی من مقرر کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ مشیر زراعت منظور وسان کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے صوبے میں گنے کی نئی آنے والی فصل کی قیمت 450 روپے فی من مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کی منظوری کے لیے سندھ کابینہ کو سمری بھیج دی جائے گی۔ منظور وسان کا کہنا تھا کہ گنے کی قیمت 450 روپے فی من کرنے سے آبادگار اپنی کمر سیدھی کر سکیں گے اور زراعت پر توجہ دیں گے۔ واضح رہے کہ سندھ میں 4 ماہ پہلے گنے کی قیمت 302 روپے فی من مقرر کی گئی تھی۔