کراچی: عالمی سطح پر سود کی بڑھتی ہوئی شرح اور آئی ایم ایف پروگرام کی بحالی سے متعلق حکومتی خاموشی کے باعث 17 روزہ وقفے کے بعد ڈالر دوبارہ سر اٹھانے لگا، منگل کو ڈالر کے انٹربینک ریٹ 262 روپے سے تجاوز کرگئے اور اوپن ریٹ بھی دوبارہ 269 روپے کی سطح پر آگئے۔ واضح رہے کہ گزشتہ 17 روز میں ڈالر کی نسبت روپیہ 5.31 فیصد تگڑا ہوگیا تھا لیکن ماہرین کا کہنا ہے کہ ڈالر تکنیکی بنیادوں پر نیچے آیا تھا اسی لیے منگل کو ڈالر کی نسبت روپیہ ایک بار پھر دبا میں دیکھا گیا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ رئیل ایفیکٹیو ایکسچینج ریٹ میں بہتری کے علاوہ کرنٹ اکانٹ خسارہ گھٹ کر 21 ماہ کی کم ترین سطح پر آگیا ہے اور سپلائی بھی بہتر ہوگئی ہے لیکن ان عوامل کے باوجود ڈالر دوبارہ تگڑا ہونے لگا ہے۔