لاہور: بھارتی پنجاب میں ایک بار سکھوں کی طرف سے خالصتان کا مطالبہ زور پکڑنے لگا ہے۔ گزشتہ روز خالصتان کے حامی سکھ رہنما امرت پال سنگھ کے حمائتیوں نے امرتسرمیں ایک بڑا احتجاج کرتے ہوئے بھارتی پنجاب کی پولیس کو بیک فٹ پر کردیا۔ ہزاروں سکھوں نے سکھ رہنما امرت پال سنگھ کے قریبی ساتھی لوپریت طوفان سنگھ کی رہائی کے لیے مظاہرہ کیا اور پرامن احتجاج اس وقت پرتشدد شکل اختیار کر گیا جب پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے طاقت کا استعمال کیا۔ امرتسرمیں خالصتان کے حامی سکھوں کے اس احتجاج کی رپورٹنگ کرنے والے ایک بھارتی صحافی نے ایکسپریس کوبتایا سکھ مظاہرین کے پاس ڈنڈے، تلواریں، کرپان اوراسلحہ تھا اور انہوں نے تھانے کے احاطے پر قبضہ کر لیا تھا۔