انقرہ: ترکیہ میں اس ماہ آنے والے دوسرے بڑے زلزلے کے جھٹکے میں کئی عمارتوں سمیت ایک فیکٹری منہدم ہوگئی جس میں دب کر ایک مزدور جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوگئے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ترکیہ کے صوبے مالاطیہ میں 5.6 شدت کے زلزلے کے جھٹکے سے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور وہ اللہ اکبر کی صدائیں بلند کرتے عمارتوں سے باہر نکل آئے۔ 5.6 شدت کے زلزلے کا مرکز صوبے مالاطیہ کے علاقے یشیلیورت میں زمین کی 6.96 کلومیٹر (4.32 میل) گہرائی میں تھا۔ زلزلے کے جھٹکے مالاطیہ سے جڑے دیگر 4 ہمسایہ صوبوں میں بھی محسوس کیے گئے۔