اسلام آباد: وزیراعظم شہبازشریف نے ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں کے خلاف بے رحمانہ قانونی کارروائی کی ہدایت دے دی۔ وزیراعظم نے اعلی سطح اجلاس میں وفاق اور صوبوں میں ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو فری ہینڈ دے دیا اور کہا کہ منافع خوری، ذخیرہ اندوزی اور زائد نرخ لینے والوں کے خلاف سخت ترین کارروائی کی جائے۔ شہباز شریف نے کہا کہ رمضان المبارک سے قبل گوداموں، دکانوں اور منڈیوں میں آپریشن کلین اپ کریں، سیلاب، معاشی مشکلات میں پھنسی عوام سے رمضان میں جوزائد قیمت لے، اس سے آہنی ہاتھوں سے نمٹیں۔ علاوہ ازیں وزیراعظم نے وفاقی حکومت کووزرااعلی کے ساتھ مل کر رمضان میں اشیا کی فراوانی اور قیمتوں پرکنٹرول کا ٹاسک دیا اور ہدایت دی کہ عبادتوں کے مہینے میں جو روزے داروں کو تنگ کرے، اسے قانون کی طاقت سے سبق سکھائیں۔