لاہور: مسلم لیگ ن کی نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے سابق وزیراعظم عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ تمہاری بے رحم لوٹ مار، نااہلی، غلط ترجیحات، IMF کے ساتھ ظالمانہ ڈیل اور اس کی خلاف ورزی نے اس ملک کو معاشی بدحالی کی راہ پر ڈال دیا۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے ٹویٹ کا جواب دیتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ ڈھٹائی دیکھو! وہ لوگ جو تمہاری اس گندگی کو ختم کر رہے ہیں تم اپنا گند انکے سر ڈال رہے ہو، چپ کر کے بیٹھ جا۔ مریم نواز نے مزید کہا کہ اس تباہی کے لیے ان تمام لوگوں کا شکریہ ادا کرنا نہ بھولنا جو تمہیں چار سال تک پالتے رہے اور عدلیہ میں انکی باقیات کا بھی جن پر تم اب بھروسہ کررہے ہو۔ انشا اللہ ہم ایسا ہونے نہیں دیں گے۔