اسلام آباد: پاکستان نے شرح میں اضافے سمیت چار پیشگی شرائط پر عملدرآمد کر کے آئی ایم ایف کو بذریعہ ای میل اقدامات سے آگاہ کردیا ہے۔ پاکستان کی جانب سے چاروں شرائط پر عمل درآمد کے حوالے سے آئی ایم ایف جائزہ مشن کو آگاہ بھی کردیا گیا ہے جبکہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ آئندہ ہفتے تک آئی ایم ایف کے ساتھ اسٹاف سطح کے معاہدے پر دستخط کا امکان ہے۔ وزارتِ خزانہ زرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان نے آئی ایم ایف کی تقریبا تمام شرائط پوری کردی ہیں اور زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ سے متعلق دوست ممالک کی جانب سے فنانسنگ کی یقین دہانیوں بارے بھی آئی ایم ایف کو آگاہ کردیا گیا ہے، گزشتہ دو تین دنوں میں اہم اقدامات اٹھائے گئے ہیں اور اب شرح سود میں اضافہ کرکے بیس فیصد کردیا گیا ہے۔