گھانا: امریکی جامعات نے سادہ اور آسان طریقوں سے بچوں میں انیمیا کا اندازہ لگانے والی ایک ایپ تیار کی ہے جسے افریقی ملک گھانا میں آزمایا گیا تو اس کے بہترین نتائج برآمد ہوئے ہیں۔ یونیورسٹی آف کیلیفورنیا لاس اینجلس، اسی سے وابستہ ہسپتال اور جامعہ گھانا کے ماہرین نے اسمارٹ فون سے کھینچی گئی تصاویر سے بچوں کے خون میں فولاد کی کمی کی بہت حد تک درست پیشگوئی کی ہے جس سے سالانہ لاکھوں کروڑوں بچوں کا بھلا ہوگا۔ اس ایپ کو نیو ایس سی بی کا نام دیا گیا ہے۔ بالخصوص غریب اور پشماندہ ممالک اس نئے طریقے سے استفادہ کرسکتے ہیں۔ یہ عمل کسی بھی طرح تکلیف دہ نہیں، پیچیدہ اور وقت طلب بھی نہیں بلکہ صرف چہرے اور آنکھوں کی چند تصاویر سے اس کا الگورتھم مرض کی پیشگوئی کرتا ہے۔