وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ کم ترقی یافتہ ممالک کے قرضوں کی شرائط کو آسان کرنا چاہیئے۔ دوحہ میں اقوام متحدہ کے زیر اہتمام کم ترقی یافتہ ممالک کی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور قطر کے تعلقات دیرینہ اور خوشگوار ہیں، کم ترقی یافتہ ممالک کے لیے پائیدار ترقی کے لیے کانفرنس کا بروقت انعقاد کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اس فورم سمیت تمام اہم فورمز پر کم ترقی یافتہ ممالک کی آواز اجاگر کرتا رہے گا، ہمیں مل کر کم ترقی یافتہ ملکوں کے عوام کی ترقی کے لیے اقدامات کرنا ہوں گے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات نے کم ترقی یافتہ ممالک کو بہت متاثر کیا، پوری دنیا میں غربت اور غذائی قلت کا سامنا ہے۔