نیویارک: طبی سائنس میں جدید ترین پیشرفت کے باوجود ٹی بی اب تک خوفناک مرض کی صورت میں موجود ہے اور بالخصوص غریب ممالک میں جانوں کا خراج لے رہا ہے۔ تاہم اب نو دریافت مرکب سے اس کے مثرعلاج کی امید پیدا ہوئی ہے۔ اس ضمن میں بل اور میلنڈا گیٹس فانڈیشن نے تحقیقات اور مطالعات کیے گئے ہیں جو فروری 2023 میں اختتام پذیر ہوئے ہیں۔ کورنیل یونیورسٹی کے ماہرین نے اس مرکب کو تیار کیا ہے جس کا نام سی ایل بی 073 رکھا گیا ہے۔ یہ مرکب ٹی بی کی وجہ بننے والے مائیکوبیکٹیریئم ٹیوبرکلوسس کو تیزی سے مفلوج کرکے اسے تباہ کر دیتا ہے۔ کورنیل یونیورسٹی میں واقع کالج آف ویٹرنری میڈیسن (سی وی ایم) کے پروفیسر ڈیوڈ رسل اور ولیم کاپلان نے یہ تحقیق کی ہے۔