وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ کفایت شعاری مہم پر سختی سے عملدرآمد کریں گے، دعوے سے کہہ رہا ہوں کہ پاکستان ڈیفالٹ نہیں کرے گا۔ اسلام آباد میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ ہم جن عہدوں پر ہیں امین ہیں، اللہ اور عوام کو جوابدہ ہیں پاکستان کے ڈیفالٹ ہونے کی خبریں گمراہ کن ہیں، ملک کی معیشت سے متعلق بے بنیاد پروپیگنڈا کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو دعوت دیتا ہوں کہ میثاق معیشت کریں، سیاست کو بالائے طاق رکھتے ہوئے میثاق معیشت کو خوش آمدید کہتا ہوں۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ کفایت شعاری مہم پر سختی سے عملدرآمد کریں گے، تمام کابینہ ارکان نے بڑی جیپ کا استعمال ختم کردیا ہے۔