سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ میں ریفرنس دائر کرنے کے حق میں نہیں، میاں نواز شریف نے اپنی رائے کا اظہار کیا ہے، میں ان کی رائے کا احترام کرتا ہوں۔نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان نے کہا کہ چیف جسٹس پر لازم تھا اپنے ادارے کی ساکھ بچاتے، انہوں نے ادارے کی ساکھ نہیں بچائی فیصلہ متنازع ہوگیا۔ انہوں نے کہا کہ ریفرنس مس کنڈکٹ پر دائر ہوتا ہے، ریفرنس سے عدلیہ میں مزید تقسیم پیدا ہوگی۔ اس موقع پر شاہد خاقان عباسی سے سوال کیا گیا کہ کیا نواز شریف ریفرنس دائر کرنے کا غلط مطالبہ کر رہے ہیں؟ شاہد خاقان عباسی کا جواب میں کہنا تھا کہ اگر کوئی گراونڈ ہے تو بالکل ریفرنس کرنا چاہیے، مجھے نہیں پتہ کن گراونڈز پر حکومت سوچ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج سیاسی، عدالتی اور فوجی قیادت کی ضرورت ہے، آج ضرورت ہے قیادت آگے بڑھے اور اپنے مفادات سے پیچھے ہٹے۔ شاہد خاقان نے مزید کہا کہ چیف جسٹس کو سب نے کہا کہ فل بینچ بنائیں مگر بات نہیں مانی گئی۔