وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے سود سے پاک نظام پر عمل درآمد یقینی بنانے کیلئے تمام اسٹیک ہولڈرز کو مقررہ مدت کے اندر ٹاسک پورا کرنے کی ہدایت کر دی۔ سود سے پاک مالیاتی نظام کیلئے قائم اسٹیئرنگ کمیٹی کا وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت دوسرا اجلاس منعقد ہوا۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار اجلاس کی ویڈیو لنک کے زریعے صدارت کی۔ اجلاس میں وفاقی شرعی عدالت کے فیصلے پر عمل درآمد میں پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اسحاق ڈار نے کہا ملک کو عدالتی فیصلے کے مطابق سودی نظام سے پاک کیا جائے گا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ مالی نظام میں ربا کے خاتمے کیلئے قائم ٹاسک فورس کو طلب و رسد کے چیلنجز کا سامنا ہے۔ ان مسائل کو مقررہ مدت کے اندر حل کرنے کیلئے تجاویز کا بھی جائزہ لیا گیا۔ روایتی بینکاری کی جگہ شرعی نظام کی جانب پیش رفت پر اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے کردار کی تعریف کی گئی۔ اسحاق ڈار نے امید ظاہر کی کہ اسٹیئرنگ کمیٹی مقررہ مدت کے اندر ٹاسک پورا کرے گی۔ وزیر خزانہ نے سود سے پاک نظام کیلئے تمام اسٹیک ہولڈرز کو پوری لگن اور محنت کے ساتھ کام کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں گورنر اسٹیٹ بینک، سیکرٹری خزانہ اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔