کھیل

اسٹائلش بابر کی سنچری نے رمیز کا دل جیت لیا

اسٹائلش بابر کی سنچری نے رمیز کا دل جیت لیا

لاہور: اسٹائلش بابر اعظم کی سنچری نے رمیز راجہ کا دل جیت لیا۔ کیویز سے ہوم سیریز کے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں بابر اعظم نے اپنے کیریئر کی تیسری سنچری بنائی تھی،اس حوالے سے رمیز راجہ نے کہا کہ میدان میں کپتان ہمیشہ شاندار دکھائی دیتے ہیں،انھوں نے اسٹائلش انداز میں اپنے اسٹروکس خوبصورتی سے کھیلتے ہوئے اننگز کے آخر تک بیٹنگ کی، لگ ہی نہیں رہا تھا کہ وہ آٹ ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ بغیر کوئی خطرہ مول لیے بیٹنگ کرنے کی وجہ سے ہی ان کی کارکردگی میں تسلسل ہے، وہ مسلسل ورلڈ ریکارڈ توڑتے ہوئے ایک کے بعد ایک سنگ میل حاصل کرتے جارہے ہیں۔ رمیز راجہ نے کہا کہ کرس گیل نے شاندار 22سنچریاں بنائیں اور شائقین کو بھرپور تفریح فراہم کی مگر بابر کو تاریخ میں مختلف انداز میں دیکھا جائے گا،انھیں اپنی بیٹنگ صلاحیتوں کی قدر ہے۔ اگر میں کرکٹرز کے بہترین اسٹروکس اور شاندار کور ڈرائیوز دیکھنا ہوں تو بابر اعظم سے بہتر کوئی بیٹر نہیں۔ دوسری جانب پیسر وہاب ریاض نے کہا کہ بابر اعظم کے معاملے میں بحث کرنے کی کوئی گنجائش نہیں، ان کی قیادت میں مہارت موجود ہے،کپتان میں رنز کی بھوک اور فتوحات کیلیے عزم نظر آتا ہے۔ انھوں نے جس طرح عالمی کرکٹ میں نام کمایا وہ قابل ستائش ہے۔ یاد رہے کہ پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی کی جانب سے بابر اعظم کی تینوں فارمیٹ کی کپتانی پر نظر رکھے جانے کی بات کیے جانے کے بعد سے سابق کرکٹرز ان کی مسلسل حمایت کررہے ہیں،قیادت کے حوالے سے غیر یقینی صورتحال کو قومی ٹیم کیلیے نقصان دہ قرار دیا جارہا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے