صحت

آدھا گھنٹہ فون پر بات کرنا ہائی بلڈ پریشر کا سبب بن سکتا ہے

آدھا گھنٹہ فون پر بات کرنا ہائی بلڈ پریشر کا سبب بن سکتا ہے

بیجنگ: ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اگر دل کو صحت مند اور بلڈ پریشر کو کم رکھنا چاہتے ہیں تو فون پر بات کرنا کم کر دیں۔ ایک تحقیق کے مطابق موبائل فون پر ہر ہفتے آدھہ گھنٹہ بات کرنا بلند فشار خون کے خطرات میں اضافے سے تعلق رکھتا ہے اور وہ افراد جو روزانہ ایک گھنٹہ فون کال پر گزارتے ہیں ان کے اس کیفیت میں مبتلا ہونے کے امکانات زیادہ ہوجاتے ہیں۔ چین کے شہر گونگژو میں قائم سدرن میڈیکل یونیورسٹی کی ایک ٹیم نے تحقیق میں یہ جاننے کی کوشش کی کہ آیا فون کرنے اورکال اٹھانے اور ہائپرٹینشن کی تشخیص کے درمیان کوئی تعلق ہے یا نہیں۔ تحقیق میں انہوں نے دو لاکھ سے زائد برطانوی شہریوں کے ڈیٹا کا جائزہ لیا اور ایک سوالنامے کے ذریعے ان کے موبائل فون کے استعمال کے متعلق معلومات اکٹھا کی۔ اس سوالنامے میں ان افراد سے پوچھا گیا کہ وہ کتنے عرصے سے موبائل استعمال کر رہے ہیں، ہر ہفتے کتنے گھنٹے موبائل استعمال کرتے ہیں اور آیا وہ اسپیکر فون استعمال کرتے ہیں یا ہینڈز فری ڈیوائس کام میں لاتے ہیں۔ 12 سال سے زائد کے عرصے پر محیط اس مطالعے میں محققین کو معلوم ہوا کہ وہ افراد جو ہر ہفتے 30 منٹ یا اس سے زیادہ وقت کال پر بات کرتے تھے ان کے بلند فشار خون کی کیفیت میں مبتلا ہونے کے امکانات کم وقت فون پر بات کرنے والوں کی نسبت 12 فی صد زیادہ تھے۔ تفصیلات کے مطابق وہ افراد جو ہر ہفتے چھ گھنٹے سے زیادہ وقت فون کال پر صرف کرتے تھے ان کے ہائپر ٹینشن میں مبتلا ہونے کے خطرات پانچ منٹ سے کم وقت لگانے والوں کی نسبت 25 فی صد تک زیادہ تھے۔ تاہم، تحقیق کے شرکا کتنے عرصے سے موبائل فون استعمال کر رہے تھے یا وہ ہینڈز فری استعمال کرتے تھے یا نہیں، ان چیزوں کا ہائپر ٹینشن کے خطرات پر کوئی اثرسامنے نہیں آیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے