تازہ ترین

زمان پارک سے فرار ہونے والے 8 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا، وزیراطلاعات پنجاب

زمان پارک سے فرار ہونے والے 8 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا، وزیراطلاعات پنجاب

لاہور: پنجاب حکومت کی جانب سے زمان پارک میں موجود افراد کی گرفتاری کے لیے پی ٹی آئی کو دی گئی 24 گھنٹے کی ڈیڈ لائن ختم ہوگئی، نگراں وزیر اطلاعات نے دعوی کیا ہے کہ کور کمانڈر ہاس پر حملے میں ملوث 8 دہشت گردوں کو زمان پارک سے فرار ہوتے وقت گرفتار کرلیا ہے۔ پنجاب پولیس کی جانب سے زمان پارک کے اطراف سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ زمان پارک جانے والے تمام راستے بند ہیں۔ اور پی ٹی آئی کارکنوں کے کیمپ بھی خالی ہوگئے ہیں۔ لاہور پولیس نے زمان پارک سے فرار کی کوشش کرنے والے 8 مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔ نگراں وزیر اطلاعات عامر میر کے مطابق زمان پارک کے اطراف میں سیکیورٹی پر تعینات لاہور پولیس نے لاہور پولیس نے کور کمانڈر ہاس پر حملے میں ملوث دہشت گردوں کو زمان پارک سے فرار ہوتے ہوئے گرفتار کیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار دہشت گردوں کی شناخت پہلے ہی کی جا چکی تھی۔ قبل ازیں پنجاب پولیس کا موقف تھا کہ فوجی تنصیاب پر حملہ کرنے والے متعدد دہشت گرد زمان پارک میں موجود ہیں جنہیں گرفتار کرنا ہے۔ راستے بند ہونے کے باعث شہریوں کو آمد و رفت میں شدید مشکالات کا سامنا کرنا پڑا، رکاوٹوں کے باعث دفاتر اور تعلیمی اداروں میں جانے والے بچے شدید کوفت کا شکار ہوئے، رکاوٹوں پر کھڑی پنجاب پولیس کی جانب سے شہریوں کے ساتھ ناروا سلوک بھی کیا گیا۔ پولیس نے رکاوٹیں لگا کر دھرم پورہ پل کو بھی بند کیا اور پولیس کی بھاری نفری کو تعینات کردیا۔ واضح رہے کہ ایک روز قبل نگراں وزیر اطلاعات عامر میر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے الزام عائد کیا تھا کہ عسکری تنصیبات پر حملہ کرنے والوں میں سے تقریبا 30 سے 40 لوگ زمان پارک میں موجود ہیں جنہیں 24 گھنٹے کے اندر پولیس کے حوالے کردیا جائے بصورت دیگر زمان پارک پر آپریشن کرکے انہیں گرفتار کرلیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق حکومت پنجاب سے منظوری کے بعد گرفتاری کا سلسلہ شروع کیا جائے گا جب کہ زمان پارک میں دہشت گردوں کے معاملے میں حکمت عملی کو مخصوص افسران تک محدود رکھنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ ایس پی سول لائنز حسن جاوید بھٹی نے مال روڈ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ مصدقہ اطلاعات ہیں کہ 30 سے 40 لوگ زمان پارک کے اندر موجود ہیں، پولیس نے 8 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ہے جو نہر کے راستے فرار ہونے کی کوشش کررہے تھے، ابھی بھی اطلاعات ہیں کہ زمان پارک میں شرپسند افراد موجود ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے