انٹرٹینمنٹ

علی ظفر کا ملک کی موجودہ معاشی صورتحال پر اظہارِ تشویش

علی ظفر کا ملک کی موجودہ معاشی صورتحال پر اظہارِ تشویش

عالمی شہرت یافتہ پاکستانی گلوکار و اداکار علی ظفر نے ملک کی مسلسل خراب ہوتی معاشی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ علی ظفر نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر پاکستانی نژاد امریکی ماہر معاشیات عاطف میاں کا پاکستان کی موجودہ معاشی صورتحال پر کیا گیا ایک تجزیہ شیئر کیا ہے۔ انہوں نے ماہرِ معاشیات کا تجزیہ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہیہ معاشی صورتحال پر ایک مختصر تجزیہ ہے جوکہ بہت ہی پریشان کن ہے، اللہ ہماری مدد کرے۔ گلوکار نے عاطف میاں کا جو ٹوئٹ شیئر کیا ہے اس میں انہوں نے پاکستان کی موجودہ معاشی صورتحال کا موازنہ گھانا اور سری لنکا کی گزشتہ دو سالوں کے دوران سامنے آنے والی معاشی صورتحال سے کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گھانا اور سری لنکا گزشتہ دو سالوں کے دوران باضابطہ طور پر دیوالیہ ہوگئے مگر پاکستان نہیں ہوا لیکن اس کے باوجود بھی سری لنکا اور گھانا کے مقابلے میں پاکستان کی کرنسی کی قدر میں زیادہ کمی دیکھنے میں آئی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ گھانا اور سری لنکا کی کرنسی کی قدر ری اسٹرکچرنگ پروگرامز کے آغاز کے بعد مستحکم ہوئی۔ عاطف میاں نے اپنے ٹوئٹ میں پاکستان کی بگڑتی ہوئی معاشی صورتحال کا ذمہ دار موجودہ حکومت کی غیر حساس معاشی پالیسی کو قرار دیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔