تجارت

پی ڈی ایم کی حکومت معاشی بھنور میں پھنس گئی

پی ڈی ایم کی حکومت معاشی بھنور میں پھنس گئی

کراچی: پی ڈی ایم کی اتحادی حکومت مخمصے میں پھنس گئی، اپنی سکت سے بڑھ کر مشکل فیصلے کرنے کے باجودہ آئی ایم ایف پلان بحال کرنے کو تیار نہیں ہے، اگر اتحادی حکومت نے الیکشن بجٹ میں ریلیف نہ دیا تو رہا سہا سیاسی سرمایہ بھی ہاتھ سے جاتا رہے گا۔ ہر حکومت کی خواہش ہوتی ہے کہ الیکشن میں جانے سے پہلے عوامی بجٹ پیش کیا جائے لیکن پی ڈی ایم حکومت ایسا کرنے سے قاصر دکھائی دیتی ہے، کیونکہ آئی ایم ایف کسی طور پر پلان بحال کرنے کو تیار نہیں ہے، اور آئی ایم ایف نے پیکیج بحال کرنے کیلیے کڑی شرائط رکھ دی ہیں۔ حکومت آئی ایم ایف کی ڈیمانڈ کردہ 6 ارب ڈالر میں سے تاحال محض 2 ارب ڈالر کا ہی انتظام کرسکی ہے، ایک طرف حکومت کی سیاسی بقا کا سوال ہے تو دوسری طرف ملکی بقا بھی دا پر لگی ہوئی ہے، ایسے میں تمام سنجیدہ طبقات یہ چاہتے ہیں کہ جلد از جلد الیکشن کرا دیے جائیں تاکہ نئی آنے والی حکومت سخت معاشی فیصلے لے سکے۔ اتحادی حکومت پہلے ہی بہت زیادہ سخت فیصلے کرکے اپنا سیاسی اثر کھوتی جارہی ہے اور مزید ایسے فیصلے مکمل طور پر زمین بوس کردیں گے، ایسے میں نگران سیٹ اپ سے بھی زیادہ امیدیں وابستہ نہیں کی جاسکتیں، کیوں کہ نگران حکومت کے پاس الیکشن کرانے کا محدود مینڈیٹ ہوتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ بہت سے سنجیدہ طبقات قبل از وقت الیکشن کا مطالبہ کر رہے ہیں، تاکہ نئی حکومت کھل کر سخت معاشی فیصلے کرسکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے