اک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنر ل احمد شریف نے کہا ہے کہ پاک فوج نے اپنے خود احتسابی کے عمل کو مکمل کر لیا، جو افسران جی ایچ کیو، جناح ہاؤس اور فوجی تنصیبات کی حفاظت میں ناکام رہے ان کے خلاف کارروائی ہوئی ہے، لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے کے افسر سمیت 3 افسروں کو نوکری سے فارغ کر دیا گیا ہے۔ میجر جنرل احمد شریف نے کہا کہ جو کام دشمن 76 سال میں نہ کرسکا وہ 9 مئی کو مٹھی بھر شرپسندوں نے کیا، 9 مئی کے واقعات کیلئے پہلے سے اضطراب پیدا کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ شہداء کے خاندان سوال کر رہے ہیں کہ 9 مئی کے منصوبہ ساز کب قانون کے کٹہرے میں آئیں گے۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ اب تک کی تحقیقات میں بہت سے شواہد مل چکے، مزید مل رہے ہیں، ملک دشمن قوتوں کی کوشش تھی کہ عوام اور فوج کے رشتے میں دراڑ ڈالی جائے، افواج پاکستان عوام کیلئے ان گنت قربانیاں دے رہی ہے اور دیتی رہے گی۔میجر جنرل احمد شریف نے کہا کہ 9 مئی کو انقلاب کا جھوٹا نعرہ لگا کر نوجوانوں کو بغاوت پر اکسایا گیا، سانحہ 9 مئی کو نہ بھلایا جائے گا، نہ ملوث افراد اور منصوبہ سازوں کو معاف کیا جائے گا۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے یہ بھی کہا کہ ایک ریٹائرڈ فور اسٹار کی نواسی اور ایک ریٹائرڈ فور اسٹار افسر کا داماد بھی گرفت میں ہے، 3 میجر جنرلز اور7 بریگیڈیئرز سمیت15افسران کے خلاف تادیبی کارروائی مکمل ہو چکی۔