ایک تحقیق میں کہا گیا ہے کہ ذیابیطس ٹائپ ٹو کے لاحق ہونے کے خطرے سے محفوظ رہنے کےلیے تیز رفتاری سے چلنے کی کوشش کرنا چاہیے۔ اس حوالے سے تحقیق میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ 3 اعشاریہ 7 میل فی گھنٹے کی رفتار سے چلنے سے ذیابیطس کی مذکورہ بالا قسم کے لاحق ہونے کے خطرے کو ایک تہائی سے زیادہ کم کیا جاسکتا ہے۔ تحقیق سے منسلک ماہرین نے کہا کہ یہ ایسی چیز ہے کہ ہر ایک اپنی روز مرہ کی زندگی میں کرسکتا ہے۔ یہ تحقیق ایک بین الاقوامی محققین کی ٹیم بشمول امپیرئیل کالج لندن نے کی۔ محققین یہ جاننا چاہتے تھے کہ ذیابیطس سے محفوظ رہنے کے لیے چلنے کی بہترین یا مطلوبہ رفتار کیا ہونا چاہیے۔ جس کے بعد انہوں نے 1999 سے 2022 کے درمیان 3 سے 11 برس تک کی جانے والی 10 تحقیق کا جائزہ لیا۔ اس تحقیق میں برطانیہ، جاپان اور امریکا بھر سے 5 لاکھ 8 ہزار 121 بالغ افراد نے حصہ لیا۔ ماہرین کے مطابق اس سے یہ نتیجہ اخذ ہوا کہ چھ کلومیٹر فی گھنٹہ (3 اعشاریہ 7 میل فی گھنٹہ) کی رفتار سے تیز قدمی سے چلنے سے زیابیطس کے خطرات کو 39 فیصد تک کم کیا جاسکتا ہے۔