جنیوا: عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے عالمی برادری سے سوڈان میں صحت اور انسانی بحران سے نمٹنے کے لیے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈبلیو ایچ او نے بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ سوڈان کے لیے مالی امداد میں اضافہ کریں جہاں صحت کا بحران سنگین ہوتا جا رہا ہے۔ادارے کے سربراہ ٹیڈروس اڈھانوم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر کہا کہ جنگ سے متاثرہ سوڈانی علاقوں میں زیادہ تر حفظانِ صحت کی سہولیات خانہ جنگی کی وجہ سے غیر فعال ہوتی جارہی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ سوڈان میں بڑھتے انسانی اور صحت کے بحرانوں میں لاکھوں لوگوں کی نقل مکانی جس میں بڑی تعداد بچوں اور خواتین کی ہے اور بگڑتے تنازعات کو ختم کرنے کے لیے عالمی سطح پر فوری کارروائی کی ضرورت ہے۔واضح رہے کہ سوڈانی آرمی چیف عبدالفتاح البرہان اور ان کے سابق نائب محمد حمدان ڈگلو (جو کہ اب نیم فوجی ریپڈ سپورٹ فورسز، پیرا ملیشیا کے کمانڈر ہیں) کے درمیان اپریل سے لڑائی جاری ہے جس کی وجہ سے سوڈان میں خانہ جنگی کی صورت ہے۔اس حوالے سے اقوام متحدہ نے بھی کہا ہے کہ سوڈانی دارالحکومت میں لڑائی کی شروعات کے بعد 50 لاکھ افراد نقل مکانی پر مجبور ہوئے ہیں۔ جبکہ رواں ماہ پیراملیشیا کے زبردست حملے نے ملک کے چند باقی رہ جانے والی پناہ گاہوں میں سے ایک کو تباہ کر دیا ہے جس سے 300,000 سے زائد افراد ایک بار پھر پناہ کی تلاش میں ہیں۔