تہران:ایک بار پھرایرانی سپاہ پاسداران انقلاب نے کہا ہے کہ حماس کے سیاسی بیورو کے سربراہ اسماعیل ہانیہ کے تہران میں قتل کے ردعمل میں وقت لگ سکتا ہے مگر یہ حملہ ضرور ہوگا اور اچانک ہوگا۔مقامی میڈیا کے مطابق ایرانی پاسداران انقلاب کے بیرون ملک سرگرم گروپ قدس فورس کے آپریشنل امور کے کمانڈر معاون خصوصی بریگیڈیئر جنرل محسن چیذری نے کہا کہ اسماعیل ہانیہ کے قتل کے جواب کے لئے انتظار کا وقت طویل ہوسکتا مگر جیسے ہی حالات سازگار ہوئے تو ایران اس کا بدلہ ضرور لے گا۔مقامی میڈیا نے بتایا کہ انہوں نے مزید کہا کہ طریقے اور ردعمل کا انحصار ان حالات پر ہوگا جو اہداف کو حاصل کر سکتے ہیں، تاہم انہوں نے زور دے کر کہا کہ ردعمل مختلف اور غیر متوقع ہو گا، ہم نے اسماعیل ہانیہ کے قتل کا رد عمل کیسے لینا ہے اس کے طریقہ کار کو ظاہر نہیں کریں گے۔بریگیڈیئر چیذری کا کہنا تھا کہ ہم ایرانی سرزمین پر شہید ہونے والے اسماعیل ہانیہ کے خون کا بدلہ لینا اپنا فرض سمجھتے ہیں اور ہم اسے ضرور نبھائیں گے۔