راولپنڈی میں گلی میں رکشہ کھڑا کرنے پر ایک شخص کو قتل اور اس کے والد والدہ کو زخمی کردیا گیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق رتہ امرال کے علاقے میں گلی میں رکشہ کھڑا کرنے پر جھگڑا ہوا، ملزمان بابر جدون اور ساتھیوں نے جھگڑے کے دوران فائرنگ کی جس سے ثاقب نامی شخص جاں بحق ہوا۔ترجمان پولیس کے مطابق لڑائی جھگڑے کے دوران ڈنڈے کے وار سے 2 مرد اور ایک خاتون بھی زخمی ہوئی۔سٹی پولیس آفیسر (سی پی او) خالد ہمدانی نے فائرنگ میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیتے ہوئے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس پی) راول سے رپورٹ طلب کرلی۔ترجمان پولیس نے بتایا کہ سینئر پولیس افسران نفری کے ہمراہ موقع پر موجود ہیں، واقعہ کا مقدمہ درج کیا جا رہا ہے، ملزمان کی گرفتاری کےلیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔دوسری جانب مقتول کے ورثاء کا کہنا ہے کہ فائرنگ سے مقتول کی والدہ، والد اور بھائی زخمی ہوئے۔