تازہ ترین

شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کا آپریشن، 8 خوارج ہلاک

شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کا آپریشن، 8 خوارج ہلاک

راولپنڈی:شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کر کے 8 خوارج کو ہلاک کر دیا۔‌پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے گزشتہ شب خارجی دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک میں انٹیلی جنس بنیادوں پر آپریشن کیا۔‌آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں 8 خوارجی ہلاک ہوگئے، مارے گئے خوارجیوں سے اسلحہ اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کر لیا گیا۔‌پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ہلاک خوارج فورسز پر حملوں اور بے گناہ شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے۔‌آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ سکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں جبکہ علاقے میں ممکنہ دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔‌دوسری جانب صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے شمالی وزیرستان میں دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔‌صدر مملکت نے شمالی وزستان کے علاقے رزمک میں کامیاب آپریشن کو سراہتے ہوئے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے بہادری و جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے 8 خوارج کو جہنم واصل کیا۔‌انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی لعنت کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم اپنی سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے،معصوم شہریوں کے جان و مال کا ہر قیمت پر تحفظ کیا جائے گا۔‌وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہماری بہادر سکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی کی بدولت 8 خوارج جہنم واصل ہوئے، انشاء اللہ پورے ملک سے خوارج کا عنقریب مکمل خاتمہ ہوگا، دہشت گردوں سے تمام شہریوں کے جان و مال کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے، ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک دہشت گردوں کے خلاف ہماری جنگ جاری رہے گی۔‌وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے بھی شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک میں فتنہ الخوارج کے 8 دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کر کے 8 خوارجی دہشتگردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچایا۔‌ان کا کہنا تھا کہ سکیورٹی فورسز کے بہادر جوانوں کو سلام پیش کرتے ہیں، سکیورٹی فورسز کے بہادر جوانوں ہمارا فخر ہیں اور ان کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں پر ناز ہے، فتنہ الخوارج کے دہشتگرد دھرتی کا بوجھ ہیں اور قوم کی حمایت سے اس دھرتی سے خوارجی دہشتگردوں کا صفایا کریں گے۔ فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کا سر کچلنے کیلئے پوری قوم سکیورٹی فورسز کے ساتھ ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے