سیلاب متاثرین کے لئے فنڈز کی کمی کا رونا رونے والی معاشی بحران میں پھنسی پنجاب حکومت کی شاہ خرچیاں کم نہیں ہو رہیں، اور صوبے کے وزیراعلی کی آمد و رفت کے لئے نیا جہازخریدنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلی چوہدری پرویز الہی کیلئے نیا جہازخریدنے کا فیصلہ ہوتے ہی صوبائی حکومت نے جہاز کی خریداری کی سمری محکمہ خزانہ کو بھجوا دی، اور عجلت میں بھجوائی گئی سمری میں جہاز کی قیمت کا تعین ہی نہیں کیا گیا۔ ذرائع نے بتایا کہ نئے جہاز کی قیمت کے معاملے کو اوپن رکھا گیا، جہاز کی خریداری کے لئے کمیٹی بھی بنائی جائے گی، کمیٹی نئے جہاز کی قیمت کا تعین کرے گی، اور پنجاب حکومت کے لئے نیا جہاز ویلفئیر ونگ خریدے گا۔ واضح رہے کہ وزیراعلی پنجاب کے زیراستعمال پہلے سے ہی ایک خصوصی جہاز موجود ہے، اور ایک جہاز ہونے کے باجود نیا جہاز خریدا جا رہا ہے۔