لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے کہا ہے کہ بھارت کیخلاف ورلڈکپ میچ میں ایسی کارکردگی پیش کرنا چاہتا تھا جسے لوگ ہمیشہ یاد رکھیں۔ ایک انٹرویو میں قومی ٹیم کے پیسر نے کہا کہ کیریئر میں ایسا وقت آتا ہے کہ آپ اپنی پہچان بنانے کیلیے پرعزم ہوتے ہیں، ایسے مواقع بڑی ٹیموں کیخلاف ہی ملتے ہیں۔ گزشتہ برس میرا بھارت کیخلاف پہلا ٹی20 میچ تھا، پاکستان کبھی ورلڈکپ میں روایتی حریف سے نہیں جیتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ میں یادگار کارکردگی پیش کرنے کا عزم لیے میدان میں اترا، میں روہت شرما کی ان سوئنگ یارکر پر مشکلات کا مشاہدہ کرچکا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ پہلی گیند ہی ایسی کی، میں شعیب ملک کے ساتھ کھڑا تھا، انھوں نے پوچھا کہ کیا گیند سوئنگ ہورہی ہے میں نے کہا کہ زیادہ نہیں، لوکیش راہول کو لینتھ بال کرو، یہ تیر نشانے پر بیٹھا، وکٹ شعیب ملک کے مرہون منت تھی۔