امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ عمران خان اور حکمران اپنے مفادات کیلئے لڑ رہے ہیں، انکو سیلاب متاثرین کی کوئی پرواہ نہیں۔ اسلام آباد میں اعتراف خدمت تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ 75 سال میں حکوتیں کرنے والی جماعتوں نے ملک کو تباہ کیا، قرضہ لیے بغیر ہمارا بجٹ ہی پاس نہیں ہوتا، میڈیا اور سوشل میڈیا کی وجہ سے اب یہ سب ایکسپوز ہوگئے ہیں۔ سراج الحق نے کہا آج تمام جماعتیں کہتی ہیں کہ عدالتوں میں انصاف نہیں اور ملک میں کرپشن ہے تو یہ کس کی وجہ سے ہے ۔اسکی ذمہ دار یہ خود ہیں۔ غریب کو صاف پانی میسر نہیں لیکن ہمارے حکمرانوں کے کتے فرانس سے منگوایا گیا پانی پیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف سیلاب متاثرین بھوک سے مررہے ہیں دوسری جانب پنجاب میں سابق وزرائے اعلی کی مراعات میں اضافے کا قانون منظور کیا گیا ہے، ان سابق وزرائے اعلی کو کسی اور نہیں بلکہ اپنے اعمال سے ہے۔ سراج الحق نے کہا حکمرانوں نے سیلاب متاثرین کی امداد کا پیسہ انتخابات کیلئے اپنے پاس رکھ لیا، سندھ میں جو لوگ پہلے دن سڑکوں پر تھے آج بھی سڑکوں پر ہیں۔ امیر جماعت اسلامی نے کہا عمران حکمرانوں کو اور وہ عمران کو چور چور کہہ رہے ہیں، توشہ خانہ میں ہار، گھڑی اور جو کوئی بھی تحفہ ملا نہیں چھوڑا، اس ملک کے حکمرانوں کا یہ اصلی چہرہ ہے۔ انہوں نے کہا المیہ ہے کہ متاثرین سیلاب بھیک مانگنے پر مجبور ہیں، سندھ حکومت کی بے حسی اور نااہلی کی انتہا ہے، سنگدل حکمران چاہتے ہیں ہماری قوم بھکاری بن جائے، حکمران غریب عوام کے پیسے پر پروٹوکول انجوائے کر رہے ہیں، قوم جماعت اسلامی کوکنجی دے تو دیکھے کہ ہم ملک کیسے چلاتے ہیں، ہم پاکستان کوکرپشن فری بنائیں گے۔