تجارت

انٹر بینک میں ڈالر کی قدر میں مزید کمی

انٹر بینک میں ڈالر کی قدر میں مزید کمی

کراچی: انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر مزید 43 پیسے کی کمی کے بعد 220.40 روپے ہو گئی ہے۔ اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر بغیر کسی تبدیلی کے 224.90روپے کی سطح پر مستحکم رہا،انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی محدود پرواز بھی دیکھی گئی جس سے ایک موقع پر ڈالر کے انٹربینک ریٹ 27 پیسے کے اضافے سے 221.10 روپے کی سطح پر بھی آگئی تھی۔ ماہرین کے مطابق فنانشل ایکشن ٹاسک فورس فٹیف کی جانب سے پاکستان کو وائیٹ لسٹ میں شامل کرنے کے بعد بیرونی قرضوں کا حصول سہل ہونے اور براہ راست بیرونی سرمایہ کاری بڑھنے کی امید جیسے عوامل کے باعث پیر کو بھی انٹربینک میں ڈالر ریورس گئیر میں رہا جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر بغیر کسی تبدیلی کے مستحکم رہا۔ معاشی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم کی چین سے 6.3ارب ڈالر کا قرض رول اوور کرانے کی کوششوں اور سعودی عرب کو پاکستان میں جدید پیٹرو کیمیکل ریفائنری میں 12ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے لیے آمادہ کرنے کی اطلاعات سے مارکیٹ میں امید کی لہر پیدا ہوئی۔ اسی طرح ایشیائی ترقیاتی بینک سے پاکستان کے لیے منظور شدہ ایک ارب 50کروڑ ڈالر کی رواں ہفتے جاری ہونے سے ملکی ذرمبادلہ کے ذخائر بھی بڑھنے کے امکانات پیدا ہوگئے ہیں۔ فٹیف کے فیصلے سے پاکستانی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہونے کے امکانات, پاکستان میں غیرملکی سرمایہ کار دوبارہ پراعتماد انداز میں متحرک ہونے اور فارن انفلوز بڑھنے سے ذرمبادلہ کے بحران میں کمی جیسے عوامل روپیہ کی نسبت ڈالر کو زیر کررہے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے