ورلڈ کپ

سہل پسند گرین شرٹس کیلیے دروازے بند ہونے لگے

سہل پسند گرین شرٹس کیلیے دروازے بند ہونے لگے

لاہور: ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں سہل پسندگرین شرٹس کیلیے دروازے بند ہونے لگے جب کہ بھارت نے بنگلہ دیش کو شکست دے کر سیمی فائنل تک رسائی کے امکانات مزید معدوم کر دیے۔ گرین شرٹس کی ورلڈکپ میں مہم ابھی تک کمزور رہی ہے،ٹیم کو سنسنی خیز مقابلے میں بھارت کے ہاتھوں شکست ہوئی، ابھی اس صدمے سے سنبھلے نہیں تھے کہ زمبابوے نے بھی زیر کرتے ہوئے دھچکا دے دیا،نیدرلینڈز کو مات دے کرپوائنٹس کا کھاتہ کھولا تو سیمی فائنل تک رسائی کیلیے اگر مگر کی صورتحال پیدا ہوگئی۔ امیدیں برقرار رکھنے کیلیے اب دونوں میچز میں جیت درکار ہے، ساتھ دیگر ٹیموں کے نتائج بھی سازگار ہونے کی دعائیں کرنا ہوں گی،بھارت نے بنگلہ دیش کو شکست دے کر اپنے پوائنٹس 6 کرلیے، اگلے دونوں مقابلوں میں فتح پاکستان کو بھی اتنے پوائنٹس دلا دے گی،نیٹ رن ریٹ بہتر ہونے پر سیمی فائنل تک رسائی کا موقع بھی بن سکتا ہے مگر اس کی نوبت تب ہی آئے گی جب بھارت کو زمبابوے مات دے۔ دوسری صورت یہ ہے کہ پروٹیز پاکستان کے بعد نیدر لینڈز سے بھی ہار جائیں،یوں ان کے پوائنٹس 5رہ جائیں گے۔ زبردست بیٹنگ اور بولنگ فارم کا مظاہرہ کرنے والی جنوبی افریقی ٹیم پر قابو پانے کیلیے گرین شرٹس کو جمعرات کو سڈنی میں غیر معمولی کھیل پیش کرنا ہوگا مگر اس بڑی لڑائی کیلیے ہتھیاروں کی کمی نظر آنے لگی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے