اسلام آباد: وزیر خزانہ اسحق ڈار نے جنرل سیلز ٹیکس کو ہم آہنگ کرانے میں متعلقہ شراکت داروں کے اتفاق رائے کو خوش آئند قرار دیدیا۔ وزیر خزانہ و محصولات اسحق ڈار نے جنرل سیلز ٹیکس کو ہم آہنگ کرانے میں متعلقہ شراکت داروں کے اتفاق رائے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے کاروبار میں آسانی ہو گی۔ انہوں نے یہ بات نیشنل ٹیکس کونسل (این ٹی سی) کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں پنجاب کے وزیر خزانہ محسن لغاری، وزیر مملکت ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، معاون خصوصی طارق باجوہ، معاون خصوصی طارق محمود، چیئرمین ایف بی آر، سیکریٹری خزانہ، وفاقی سیکرٹریز اور سینئر افسران نے شرکت کی۔ وفاق اور صوبوں کے درمیان سروسز پر جنرل سیلز ٹیکس کی ہم آہنگی کا دیرنہ مسئلہ طے پاگیا ہے، وفاق اور صوبوں کے درمیان سروسز پر جی ایس ٹی بارے چاروں صوبوں کی جانب سے پیش کردہ متفقہ پلیس آف سپلائی رولز کے مسودے پر بھی اتفاق ہوگیا ہے، جس سے بین الاقوا می مالیاتی فنڈ اور عالمی بینک کی ایک اور تجوز پر عملدرآمد مکمل ہونے جارہا ہے۔