اسلام آباد: ارشد شریف کی پوسٹ مارٹم رپورٹ فراہم نہ کرنے کے خلاف مرحوم کی والدہ کی درخواست پر سماعت کے دوران عدالت نے ریمارکس دیے ہیں کہ ارشد شریف قتل کیس کا ٹرائل پاکستان میں بھی ہو سکتا ہے۔نجی ٹی وی چینل کے مطابق مرحوم ارشد شریف کی والدہ کی جانب سے پوسٹ مارٹم رپورٹ فراہم نہ کیے جانے کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔ اس موقع پر ڈپٹی اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ ارشد شریف کی والدہ کو فراہم کر دی گئی ہے۔ درخواست کی سماعت چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامر فاروق نے کی جب کہ ارشد شریف کی والدہ کی جانب سے وکیل بیرسٹر شعیب رزاق عدالت کے سامنے پیش ہوئے اور بتایا کہ اتوار کے روز ارشد شریف کی والدہ کو پوسٹ مارٹم رپورٹ دے دی گئی ہے۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیس سے متعلق یہاں کیا ہو رہا ہے؟۔ وکیل بیرسٹر شعیب رزاق نے جواب دیا یہاں کچھ نہیں ہو رہا۔