سیاٹل، امریکہ: اگرآپ اپنی نیند بہتر بنانا چاہتے ہیں تو بالخصوص صبح کے وقت گھر سے باہر کچھ وقت گزاریں ورنہ دن میں کسی بھی وقت روشنی میں باہر ضرور جائیں خواہ موسم ابرآلود ہی کیوں نہ ہو کیونکہ یہ آپ کی نیند کے لیے بہت ضروری ہے۔ ایک نئی تحقیق سے معلوم ہوا ہیکہ دن کی روشنی اور دھوپ سے ہمارے جسم کی اندرونی گھڑی کا دورانیہ بہتر ہوتا ہے اور اس سے بروقت سونے میں مدد ملتی ہے۔ یہ تحقیق جامعہ واشنگٹن میں ہوئی ہے جس کی تفصیلات جرنل آف پینیئل ریسرچ میں شائع ہوئی ہے۔ تحقیق میں زور دیا ہے کہ لوگ ہرموسم میں اپنے گھر سے باہر ضرور جائیں خواہ موسم بارش اور بادل بھرا ہی کیوں نہ ہو۔ جامعہ واشنگٹن میں دیکھا گیا کہ سردیوں میں طلبا و طالبات میں نوٹ کیا گیا کہ وہ رات دیر سے سوتے ہیں اور دیر سے اٹھتیہیں۔ اس کی وجہ بتائی گئی کہ ڈے لائٹ ٹائم سیونگ کی وجہ سے بچے دن کی روشنی مناسب انداز میں نہیں لے پاتے جس سے ان کی اندرونی جسمانی گھڑی متاثر ہوتی ہے۔ اس کے نتیجے میں وہ تاخیر سے سوتے ہیں اور دیر میں اٹھتے ہیں۔