کراچی: پی سی بی کی کرکٹنگ تقرریوں میں تاخیر ہونے لگی جب کہ غیرملکی ہیڈ کوچ کی تلاش کا کام بدستور جاری ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی نئی انتظامیہ نے محمد وسیم کی زیرسربراہی کام کرنے والی سلیکشن کمیٹی کو فارغ کر دیا تھا، ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق اور بولنگ کوچ شان ٹیٹ کے معاہدوں میں بھی توسیع نہیں ہو گی۔ مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی غیرملکی کوچ کا تقرر چاہتے ہیں مگر تاحال کسی نے مثبت جواب نہیں دیا، یہ معاملہ تاخیر کا شکار ہے، سابق ٹیسٹ کرکٹر ہارون رشید غیرملکی کوچز سے رابطے کر رہے ہیں،ایک کی براہ راست چیئرمین کے ساتھ بھی بات چیت جاری ہے، اس حوالے سے رواں ہفتے پیش رفت متوقع ہے۔