وزیرِاعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان سے امدادی سامان ترکیہ بھجوانے کا سلسلہ جاری ہے، ہولناک زلزلے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر پاکستانی قوم افسردہ ہے، ہماری تمام تر ہمدردیاں ترک بھائیوں کے ساتھ ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ترکیہ کے سفارتخانے کے دورے کے موقع پر کیا، اس موقع پر ان کے ہمراہ وفاقی وزرا بلاول بھٹو، اعظم نذیر تارڑ اور ایاز صادق بھی موجود تھے۔ اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر بتایا کہ پاکستان کی جانب سے ترکیہ بھیجے گئے امدادی سامان میں خیمے، کمبل، گرم کپڑے اور دیگر اشیا ضروریہ شامل ہیں۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ٹرینوں کے ذریعے بھی امداد کی فراہمی پر غور کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزارت خارجہ اور ترکیہ میں سفیر روز صورتحال سے آگاہ کر رہے ہیں، زلزلہ متاثرین کی بحالی تک ترک بھائیوں کی حمایت جاری رکھیں گے۔