اسلام آباد: پنجاب اور خیبرپختونخواہ میں 90 روز میں الیکشن کرانے کیلئے ہائیکورٹ بار کی جانب سے سپریم کورٹ میں دائر پٹیشن کے معاملے پر اسلام آباد ہائی کورٹ بار کے اندرونی اختلافات میں شدت آگئی۔ ہائیکورٹ بار کے صدر شعیب شاہین اور سیکرٹری سعد راجپوت کے اختلافات کے بعد ایگزیکٹیو کمیٹی نے صدر اور پٹیشن کے حق میں قرارداد منظور کرلی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ بار کے صدر کی دائر کردہ پٹیشن سے سیکرٹری بار نے لا تعلقی کا اعلان کیا تھا۔ جوائنٹ سیکرٹری بار سہیل رشید کی جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق قراداد میں کہا گیا ہے کہ ہائی کورٹ بار کی جانب سے صدر شعیب شاہین نے سپریم کورٹ میں پٹیشن دائر کی، آئینی درخواست آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی کے لیے دائر کی گئی ہے۔