اسلام آباد ہائی کورٹ نے عمران خان کو ممنوعہ فنڈنگ کیس میں 28 فروری کو بینکنگ کورٹ میں پیش ہونے کا حکم دے دیا۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے بینچ نے عمران خان کی عبوری ضمانت کے دوران ویڈیو لنک کے ذریعے پیشی کی درخواست کی سماعت کی۔ عدالت نے عمران خان کی وڈیو لنک کے ذریعے عدالت میں پیشی کی استدعا مسترد کرتے ہوئے 28 فروری کو ذاتی حیثیت میں بینکنگ کورٹ میں پیش ہونے کا حکم دیا۔ جسٹس محسن اختر کیانی اور جسٹس طارق محمود جہانگیری نے احکامات جاری کئے۔ جسٹس محسن اختر کیانی عمران خان کی میڈیکل رپورٹس ٹھیک نہیں تو سرکاری رپورٹس کہاں ہیں؟ کیا وزیر آباد واقعہ پر ایم ایل سی ہوا ہے ؟ وہ کدھر ہے ؟ پنجاب حکومت نے کوئی تو میڈیکل بورڈ بنایا ہو گا۔ پراسیکیوٹر رضوان عباسی نے کہا کہ عمران خان کو مشروط طور پر عبوری ضمانت دی گئی تھی۔ عمران خان نے شامل تفتیش ہونے اور ہر سماعت پر پیش ہونے کی یقین دہانی کرائی تھی۔ عمران خان عبوری ضمانت کے بعد ٹرائل کورٹ میں ایک بار بھی پیش نہیں ہوئے۔ ملزم کو پیش نہ ہونے کیلئے غیرمعینہ مدت نہیں دی جا سکتی۔ یہ عمران خان کی میڈیکل رپورٹ نہیں بلکہ ایک پرائیویٹ ہسپتال کے ڈاکٹر کا سرٹیفکیٹ ہے۔