عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق صومالیہ کے دارالحکومت موغادیشو میں ایک عمارت کے باہر کار بم دھماکا کیا گیا جس کے بعد مسلح افراد گھر میں داخل ہوگئے اور فائرنگ کردی۔ سیکیورٹی اہلکار بھی فورا پہنچ گئے اور جوابی کارروائی کی۔ کئی گھنٹے تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا۔ الشباب جو خود کو القاعدہ کی ایک شاخ کہتی ہے نے حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا کہ اس عمارت میں صومالی فوج کے وہ افسران رہائش پذیر تھے جنھوں نے ہمارے خلاف حال ہی میں کیے گئے ایک آپریشن میں حصہ لیا تھا۔ فوج کے ترجمان نے بتایا کہ جوابی فائرنگ کے باعث حملہ آور فرار ہوگئے۔ سیکیورٹی فورسز نے آس پاس کی عمارتوں میں محصور شہریوں کو نکال کر محفوظ مقام پر منتقل کیا ورنہ جانی نقصان زیادہ ہوتا۔