کراچی: سائنس دانوں نے ایک نیا بائیو جیل بنایا ہے جس کو انجیکشن کے ذریعے رگوں میں ڈال کر دل کے دورے کے سبب ہونے والے نقصانات کو ختم کیا جاسکتا ہے جبکہ یہ جیل مریض کے اندر داخل ہوتے ہی اپنی تاثیر دِکھانا شروع کر دیتا ہے۔ سان ڈیاگو میں قائم یونیورسٹی آف کیلیفورنیا کی محققین کی یہ ٹیم یہ بائیو مٹیریل بنانے کے لیے ایک دہائی سے زیادہ عرصے سے کوشش کر رہی ہے۔ سائنس دانوں نے یہ ہائیڈروجیل 2012 میں بنایا تھا اور تب اس کو خنزیروں پر آزمایا گیا تھا جس میں دیکھا گیا کہ اس مائع نے جسم میں جاکر ریشہ نما سراخ والا سانچہ بنا لیا ہے۔ بعد ازاں سائنس دانوں نے ہائیڈروجیل سے بڑے ذرات نکال کر اور پانی ملا کر تیزی کو کم کر کے ایک جیل بنایا ہے جس کو انجیکشن کے ذریعے جسم میں داخل کیا جاسکتا ہے۔