لاہور: پیمرا کی جانب سے سابق وزیراعظم عمران خان کی تقریر اور بیانات چلانے پر پابندی کا اقدام لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا۔ عمران خان کی جانب سے صدر لاہور ہائیکورٹ بار اشتیاق اے خان اور بیرسٹر احمد پنسوتا نے درخواست دائر کی، جس میں پیمرا سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست میں موقف اپنایا کہ پیمرا نے عمران خان کے بیانات اور تقاریر نشر کرنے پر مکمل پابندی عائد کی ہے لیکن بیانات اور تقاریر پر پابندی لگانا بنیادی آئینی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ درخواست گزار کے پاس عدالت کے علاوہ کوئی اور آپشن موجود نہیں۔ استدعا کی گئی کہ عدالت پیمرا کی جانب سے لگائی گئی پابندی فوری طور پر کالعدم قرار دے۔