لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عامر میر نے کہا ہے کہ زمان پارک میں ایک عسکریت پسند موجود ہے جس کی شناخت کرلی گئی ہے اور وہ ماضی میں صوفی محمد کے ساتھ ہوتا تھا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے عامر میر نے کہا زمان پارک میں تحریک نفاذ شریعت محمدی کے سربراہ مولانا صوفی محمد کا قریبی ساتھی موجود ہے، مذکورہ دہشتگرد 8 سال کی سزا بھی کاٹ چکا ہے۔ وہ عسکریت پسند اب خیبر پختونخواہ کی سیاسی جماعت کے ساتھ ہے اور سابق وزیراعلی خیبر پختونخواہ نے اپنے ساتھ رکھا ہوا ہے۔ عامر میر نے کہا کہ ہماری فورس جب بھی زمان پارک کی طرف گئی ان کے پاس ڈنڈوں کے سوا کوئی اسلحہ نہیں تھا، گورنمنٹ نے فیصلہ کیا ہوا ہے کہ جانی نقصان نہ ہو۔ جب زمان پارک آپریشن مکمل ہوگا تو ساری تفصیلات سامنے لائیں گے۔